نئی دہلی،29/اگست (ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا) سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم کوآئی این ایکس میڈیا منی لانڈرنگ کیس میں ای ڈی کی گرفتاری سے 5 ستمبر تک کی راحت ملی ہے۔ ای ڈی کی طرف سے دائر کئے گئے کیس میں پیشگی ضمانت عرضی مسترد کر دینے کے دہلی ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف پی چدمبرم کی عرضی پر سپریم کورٹ نے اپنا فیصلہ 5 ستمبر تک کے لئے محفوظ رکھ لیا ہے۔بتا دیں کہ سابق مرکزی وزیر نے سی بی آئی کی حراست میں ہیں۔آج بھی دونوں فریق میں جم کر بحث ہوئی۔حکومت کی جانب سے تشارمہتا نے کہا کہ اس اہم مرحلے میں عدالت مداخلت نہیں کر سکتا اور تحقیقات متاثرنہیں کی جا سکتی۔انہیں گرفتاری کا حق ہے جبکہ کپل سبل نے کہا کہ ای ڈی بیرون ملک اثاثوں اور اکاؤنٹ کے کوئی دستاویز نہیں دے رہی، فرضی الزام لگا رہی ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ چدمبرم کو پیشگی ضمانت حاصل کرنے کا حق ہے۔اس سے پہلے ای ڈی کی جانب سے سالیسٹر جنرل ای جی تشار مہتا نے موقف رکھا۔ تشار نے کورٹ میں کہا کہ ایجنسی کے پاس مواد تھا،الزامات کے خلاف اور چدمبرم سے پوچھ گچھ بھی ہوئی۔اس کے بعد انہوں نے ہائی کورٹ میں پیشگی ضمانت کی درخواست بھی داخل کی۔تشار مہتہ نے کہا جو حقائق ایجنسی کے پاس ہیں وہ کافی ہیں۔ انہوں نے گزشتہ سالوں میں ہوئے پی ایم ایل اے کے تحت گھوٹالے اور ملک سے فرار ہونے والے وجے مالیا، میہل چوکسی اور نائک کے نام گنائے۔ تشار مہتہ نے مزید کہا کہ پی ایم ایل اے یا دیگر میں کوئی ایسا قانون نہیں۔الزامات کے سلسلے میں جمع مواد عدالت کو دینے کے ساتھ ملزم پارٹی کو بھی مہیا کرائے جائیں۔ای ڈی کی جانب سے مہتا نے یہ بھی کہا کہ چدمبرم قانون سے بچ کر فرار بھی ہو گئے تھے۔وہ تحقیقات سے بچ رہے تھے، لیکن اب و ہی چدمبرم کورٹ سے راحت چاہتے ہیں۔ تشار نے کہا کہ ای ڈی کو چدمبرم سے پوچھ گچھ کرنی ہے۔ثبوتوں کی تصدیق کرانی ہے اور گواہوں سے آمنا سامنا کرانا ہے۔ یہ کوئی ٹی وی انٹرویو یا سوال جواب کا سیشن نہیں ہوتا ہے۔یہ گھوٹالے اور سازش کی جانچ پڑتال ہے۔قانون اس کی اجازت نہیں دیتا کہ جانچ کے اس دور میں چدمبرم کے ساتھ دستاویز یا معلومات شیئر کی جائیں۔